بن لادن کے ارکان خاندان جھلس کر ہلاک ہوئے : پوسٹ مارٹم رپورٹ

لندن ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسامہ بن لادن کے تین ارکان خاندان بشمول ان کی سوتیلی والدہ اور بہن اور ان کا اردنی پائلٹ اس وقت آگ کی تپش سے ہلاک ہوگئے تھے جب ان کا جیٹ طیارہ برطانیہ میں حادثہ کا شکار ہوگیا تھا۔ ابتدائی طور پر جاری پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا۔ بن لادن کی سوتیلی بہن ثناء محمد بن لادن، ان کی سوتیلی والدہ بشیر ہاشم اور ان کا برادر نستبی زبیر ہاشم جمعہ کے روز ہمپشائر میں رونما ہوئے طیارہ حادثہ میں جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔ طیارہ کا اردنی پائلٹ عقیل بھی اس وقت ہلاک ہوگیا جب وہ بلیک بوشے ایرپورٹ پر طیارہ کی لینڈنگ کیلئے کوشاں تھے۔ اس حادثہ کے بعد اسامہ کے رشتہ داروں کی اموات پر ایک بحث چھڑ گئی تھی جس کے بعد برطانوی حکام کو یہ توثیق کرنی پڑی کہ اسامہ کے ارکان خاندان طیارہ حادثہ کے بعد انتہائی جھلس گئے تھے اور بعدازاں جانبر نہ ہوسکے تھے۔