بن غازی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی لیبیا کے بن غازی کے وسطی علاقہ میں کل ہوئے ایک کار بم دھماکے میں کم و بیش سات افراد ہلاک اور دیگر 20 افراد زخمی ہوگئے۔ ایک مقامی سیکوریٹی عہدیدار نے بتایا کہ ایک مصروف سڑک پر واقع تیبتی ہوٹل کے قریب دھماکہ ہوا۔ یہ علاقہ رمضان المبارک کی وجہ بیحد مصروف رہتا ہے جہاں لوگ خریداری اور کھانے پینے کے لئے کثیر تعداد میں آتے ہیں۔ اب تک کسی بھی فرد یا گروپ نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم لیبیائی عہدیداروں کا کہنا ہیکہ یہ کام دہشت گردوں کے ’’سلیپنگ سیلز‘‘ نے انجام دیا ہے جو دراصل یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بن غازی محفوظ نہیں ہے۔ یاد رہیکہ 2011ء سے لیبیا میں افراتفری کا عالم ہے جب وہاں کے ڈکٹیٹر معمر قذافی کے خلاف بغاوت ہوئی تھی اور بعدازاں انہیں ہلاک کردیا گیا تھا۔