بنگلہ دیش کے صدر عبدالحمید کی چھ روزہ دورہ پر ہندوستان آمد

نئی دہلی 18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے صدر عبدالحمید چھ روزہ سرکاری دورہ پر آج ہندوستان پہونچے ۔ اس دورہ کے موقع پر وہ ہندوستانی قیادت کے ساتھ دونوںم لکوں کے مابین قریبی باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے بات چیت کرینگے ۔ بنگلہ دیش کے منتخبہ صدر کا یہ پہلا دورہ ہندوستان ہے ۔ عبدالحمید کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا وفد بھی آیا ہے اور ائرپورٹ پر اس وفد کا خیر مقدم منسٹر آف اسٹیٹ خارجی امور وی کے سنگھ نے کیا ۔ بنگلہ دیش کے صدر نے دو پہر میں راج گھاٹ کا دورہ کیا اور گاندھی جی کی یادگار پر پھول چڑھائے ۔ صدر عبدالحمید ‘ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے ساتھ کل ملاقات کرینگے اور وہ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ‘ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سواراج سے بھی ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔ وہ امکان ہے کہ آگرہ ‘ فتح پور سیکری ‘ اجمیر شریف ‘ جئے پور ‘ کولکتہ اور شانتی نکیتن کا بھی دورہ کرینگے ۔ ہندوستان کے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے مارچ 2013 میںبنگلہ دیش کا ایک سرکاری دورہ کیا تھا ۔ ہندوستان ‘ بنگلہ دیش کے ساتھ سرحدی معاہدہ کرنے کا خواہشمند ہے ۔