ڈھاکہ ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے چیف جسٹس نے اپنی ایک ماہ طویل رخصت کا آغاز کردیا جبکہ بعض گوشوں سے یہ کہا جارہا ہیکہ انہیں حکومت کے خلاف ایک فیصلہ سنانے کی پاداش میں زبردستی رخصت پر روانہ کیا گیا ہے۔ دریں اثناء وزیرانصاف انیس الحق نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ چیف جسٹس ایس کے سنہا کو ان کے حکومت مخالف فیصلہ کی بنیاد پر طویل رخصت پر روانہ کیا گیا ہے جبکہ اصل وجہ ان کا ناسازیٔ مزاج ہے۔ انیس الحق نے کہا کہ مسٹر سنہا کینسر کے مریض بھی رہ چکے ہیں۔ جو لوگ اس نوعیت کی قیاس آرائیاں کررہے ہیں ان کا یا تو ذہنی توازن بگڑا ہوا ہے یا پھر ان کے ارادے نیک نہیں معلوم ہوتے۔ بنگلہ دیش کی اعلیٰ سطحی بار اسوسی ایشن کے سربراہ نے کہا کہ جس وقت مسٹر سنہا سپریم کورٹ سے وابستہ تھے، انہوں نے پارلیمنٹ کو اعلیٰ سطحی ججس کو معطل کرنے کے اختیارات سے بیدخل کردیا تھا اور اسی بنیاد پر انہیں طویل رخصت پر روانہ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن کے سربراہ زین العابدین نے اخباری رپورٹرس سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔