ڈھاکہ۔3اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا میں مواصلات پر مبنی ایک علاقائی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش اس علاقہ میں کے سب سے کم انٹرنیٹ استعمال کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے جہاں ملک کی آبادی کے صرف 13% لوگ ہی انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔ایل آئی آر این ای ایشیا نامی کولمبو پر مبنی ایک تھنک ٹینک نے 18 ممالک کا سروے کرنے کے بعد یہ انکشاف کیا ہے جس میں سامنے آیا ہے کہ بنگلہ دیش میں موبائل فون کے استعمال اور انٹرنیٹ تک رسائی میں بڑے پیمانہ پر صنفی عدم مساوات ہے ۔تھنک ٹینک نے گزشتہ برس نومبر میں بنگلہ دیش کے تقریباََ دو ہزار لوگوں کا انٹرویو کیا جس کے بعد سامنے آیا کہ 18% مرد جبکہ صرف 7% خواتین ہی انٹرنیٹ کا استعمال کرتی ہیں۔ تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں موبائل فون کا استعمال کرنے والے لوگوں میں کافی فرق ہے ۔بنگلہ دیش میں موبائل فون کا استعمال کرنے والے 27% لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون پر مالیاتی خدمات کا استعمال کرتے ہیں۔بنگلہ دیش میں انٹرنیٹ کا استعمال کرنے والے ایک چوتھائی سے بھی کم لوگوں کو انٹرنیٹ کے ذریعہ سامان کی خریداری اور فروخت کرنے والے پلیٹ فارموں کے بارے میں پتہ ہے ۔ انٹرنیٹ کے ذریعہ خریداری کرنے والے لوگوں کی تعداد تقریباََ نہیں کے برابرہے ۔