ڈھاکہ۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں کشتی کے اُلٹنے کے المیہ میں فوت ہونے والوں کی تعداد 70 تک پہونچ گئی جب غوطہ خوروں نے دریائے پدما سے آج مزید نعشوں کو برآمد کرلیا جہاں گزشتہ روز 150 مسافرین کو لے جانے والی ایک کشتی مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرالر سے ٹکراکر غرقاب ہوگئی تھی۔ ضلع مانک گنج مرکزی انتظامیہ کی ڈپٹی کمشنر راشدہ فردوس نے کہا کہ ’’اب ہم راحت کام بند کررہے ہیں کیونکہ غرقاب شدہ کشتی نکال لی گئی ہے لیکن نعشوں کی تلاش آئندہ چند تک جاری رہے گی‘‘۔ ان کے یہ تبصرے اس وقت منظر عام پر آئے جب غرقاب کشتی ایم وی مصطفی کو 16 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آج صبح کی اولین ساعتوں کے دوران نکال لیا گیا۔ یہ کشتی راجباڑی میں دولت دیاسے پٹوریا کی سمت روانہ ہورہی تھی کہ کارگو کشتی سے ٹکرانے کے بعد غرقاب ہوگئی تھی۔ عہدیداروں نے کہا کہ تاحال 70 نعشیں نکال لی گئی ہیں جن کے منجملہ 63 نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ ٹیلی ویژن فٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ دریا کے دونوں کناروں پر عوام کے ہجوم کو آہ و زاری کررہے تھے۔