بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کو ہندوستانی امداد

ڈھاکہ ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے بنگلہ دیش کو راحتی سامان کی اپنی تیسری کھیپ حوالہ کی ہے جس میں ایک ملین لیٹر کیروسین آئیل اور ہزاروں اسٹوو شامل ہیں جو اس ملک میں پناہ گزینوں کے طور پر موجود سینکڑوں ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کیلئے بھیجے گئے ہیں۔ یہ لوگ پڑوسی میانمار میں فوج کی جارحانہ مہم کے بعد فرار ہوکر آئے ہیں۔ بنگلہ دیش جسے میانمار سے روہنگیا آبادی کے سب سے بڑے حصہ کو قبول کرنا پڑا ہے، اس نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہیکہ اس معاملہ میں مداخلت کرے اور میانمار پر اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے دباؤ ڈالیں۔ زائد از 7 لاکھ روہنگیا مسلمان میانمار کے تشدد سے متاثرہ راکھین اسٹیٹ سے فرار ہوکر گذشتہ سال اگست سے پڑوسی بنگلہ دیش پہنچے ہیں، جب ملٹری نے روہنگیا مسلمانوں کی مبینہ عسکری تنظیموں کے خلاف زبردست مہم شروع کردی تھی۔ ہندوستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش ہرش وردھن شرینگلا نے پیر کو 1.1 ملین لیٹر سوپر کیروسین آئیل اور 20 ہزار کیروسین والے اسٹوو کاکس بازار میں میزبان وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریلیف مفضل حسین کے حوالہ کئے۔