بنگلہ دیش سے غیرقانونی نقل مقام ایک قومی مسئلہ: رجیجو

نئی دہلی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج بنگلہ دیش سے غیرقانونی نقل مقام کے مسئلہ کو ’’قومی مسئلہ‘‘ قرار دیا اور کہاکہ اِن ’’دراندازوں‘‘ کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو ہندوستانی سرزمین پر مقیم ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے کہاکہ شمال مشرقی ہند میں غیرقانونی نقل مقام کرنے والوں اور دراندازوں کا مسئلہ خاص طور پر بنگلہ دیشیوں کا ہم سب کے لئے فکرمندی کی وجہ ہے۔ یہ ایک قومی مسئلہ ہے۔ ہمیں اِس کی وجوہات کا قومی تناظر میں جائزہ لینا ہوگا اور ریاستی حکومتوں کے تعاون سے بروقت کارروائی کرنی ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کی آسام شاخ بنگلہ دیشی بھگاؤ ابھیان شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی نے کبھی بھی غیرقانونی تارکین وطن کا مسئلہ سیاسی مسئلہ نہیں سمجھا۔ یہ ہم سب کا خاص طور پر ہماری پارٹی کا مسئلہ ہے۔

ہم اِسے سیاسی نہیں قومی مسئلہ سمجھتے ہیں۔ دو دن قبل جورہاٹ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا تھا کہ جورہاٹ میں مہم شروع کی جائے گی جسے دیگر علاقوں میں توسیع دی جائے گی۔ مختلف انتخابی جلسوں سے گزشتہ ماہ خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کہہ چکے ہیں کہ بنگلہ دیش کے غیرقانونی تارکین وطن کو وطن واپس جانا ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ صرف سپریم کورٹ کے فیصلہ کا احترام کریں گے۔ دراندازوں کو ہندوستان کے خلاف جارحانہ کارروائی سمجھا جائے گا۔ سپریم کورٹ اپنے فیصلہ میں کہہ چکی ہے کہ دراندازی ہندوستان کے خلاف جارحانہ کارروائی ہے۔ مودی نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے جو کچھ کہا ہے اُس کا احترام کرنے میں اُن کو کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔

ایم اے اے فاطمی
آر جے ڈی سے مستعفی، لالو پر تنقید
دربھنگہ ۔ 4 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی کو آج اس وقت زبردست دھکا لگا جب اس کے قومی جنرل سکریٹری ایم اے اے فاطمی نے پارٹی سے استعفیٰ دیدیا ۔ انھوں نے پارٹی صدر لالو پرساد پر شدید تنقید کی اور کہا کہ لالو پرساد پریم چند گپتا کے اشاروں پر کام کررہے ہیں ۔ وہ ان کے غلط مشوروں پر عمل کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر قائدین کو نظرانداز کررہے ہیں ۔ انھوں نے لالو پرساد کو سمجھانے کی ہرممکنہ کوشش کی لیکن انھوں نے ان کی صفائی کو خاطر میں نہیں لایا ۔