ڈھاکہ ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ممتاز امریکی بلاگر کو بنگلہ دیش میں نامعلوم حملہ آوروں نے موت کے گھاٹ اُتار دیا اور اُس کی بیوی شدید زخمی ہوگئی، جبکہ مذہبی کٹرپسندی کے خلاف تحریروں پر اسلام پسندوں کی طرف سے چند روز قبل ہی دھمکیاں ملی تھیں۔ 44 سالہ اویجیت رائے 16 فبروری کو اس ملک کو آیا تھا تاکہ بُک فیئر میں شرکت کرسکے جہاں اُس کی تین کتابیں رواں سال شائع ہوئی ہیں۔ وہ 4 مارچ کو واپس امریکہ پرواز کرنے والا تھا، اُس کے چھوٹے بھائی انوجیت رائے نے یہ بات بتائی۔ بنگلہ دیشی نژاد امریکی شہری اویجیت کو کل پیش آئے حملے میں ہلاک کرکے ٹکڑے کردیئے گئے اور اُس کی بیوی رفیدہ احمد بونّا شدید زخمی ہوگئی ہے۔ ڈھاکہ ٹربیون کی اطلاع کے مطابق اویجیت کو حال میں اُس کی ترقی پسند کتابوں اور بلاگ تحریروں کی بناء عسکریت پسندوں سے دھمکیاں وصول ہوئی تھیں۔ 40 سالہ رفیدہ جو ڈھاکہ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے، اُس کی حالت مستحکم مگر نازک بتائی گئی ہے۔ پولیس آفیسر سراج الاسلام نے کہا کہ اویجیت پر حملہ نامور مصنف پروفیسر ہمایوں آزاد اور بلاگرس رجیب حیدر اور آصف محی الدین کے خلاف پیش آئے حملوں جیسا ہے۔ یہ جوڑا بُک فیئر سے واپس ہورہا تھا کہ انھیں آٹورکشا کے ذریعہ روکا گیا۔ تین آدمی نمودار ہوئے اور چھروں کے ذریعہ اُن پر وار شروع کردیئے۔ یہ حملہ پولیس حصار کے عین سامنے ہوا، جو گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے کیلئے رکھا جاتا ہے۔