بنگلہ دیشی مسلمانوں کو پیچھے ڈھکیل دیا جائے: توگاڈیہ

کولکتہ ۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وشوا ہندو پریشد نے آج مطالبہ کیا کہ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو درانداز سمجھ کر پیچھے ڈھکیل دیا جانا چاہئے۔ ہندوستان سے انہیں نکال باہر کرتے ہوئے انہیں سزاء دی جانی چاہئے۔ وی ایچ پی کے انٹرنیشنل کارگذار صدر پروین توگاڈیہ نے آج کہا کہ یہ بنگلہ دیشی مسلمان ہندوستانیوں کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن رہے ہیں۔ دراندازوں کے باعث کئی ریاستوں میں سیکوریٹی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ درانداز سرحدی دہشت گردی کے خلاف متحدہ جدوجہد کریں۔ بردوان میں 2 اکٹوبر کو ہوئے دھماکہ میں دو مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ بنگلہ دیش سے آنے والے ہندوؤں کے بارے میں توگاڈیہ نے کہا کہ یہ لوگ اس لئے یہاں آ رہے ہیں کیونکہ انہیں بنگلہ دیش میں سزائیں دی جارہی ہیں۔ بنگلہ دیش سے آنے والے ہندوؤں کو پناہ گزینوں کا موقف دیا جائے اور انہیں مستقل شہریت دی جائے۔ توگاڈیہ نے دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش میں سزاؤں کے باعث 50 ہزار ہندو ہندوستان واپس ہوئے ہیں۔