ڈھاکہ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)دو مجسٹریٹس نے آج بنگلہ دیش کے جنگی مجرم محمد قمر الزماں سے یہاں کی ایک جیل میں ملاقات کی تا کہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا وہ صدر مملکت سے رحم کی درخواست کرے گا۔ یاد رہے کہ صرف دو روز قبل سخت گیر جماعت اسلامی لیڈر کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ دریں اثناء سخت سکیوریٹی والی ڈھاکہ سنٹرل جیل کے ایک عہدیدار نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دو ایگزیکٹیو مجسٹریٹس نے جیل پہنچ کر قمر الزماں سے ملاقت کی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دونوں مجسٹریٹس کم سے کم دیڑھ گھنٹہ وہاں رہے البتہ جیل سے باہر آنے کے بعد دونوں ہی مجسٹریٹس نے کوئی تفصیل بتانے سے انکار کردیا ۔ اگر وہ رحم کی درخواست داخل کرتا ہے تو اسے صدر مملکت تک پہنچایا جائے گا ورنہ سزائے موت پر عاجلانہ عمل آوری بھی کی جاسکتی ہے۔ دوسری طرف جیل عہدیداران کا کہنا ہے قمر الزماں نے قبل ازیں کہا تھا کہ رحم کی درخواست داخل کرنے کا فیصلہ کرنے کیلئے اسے مہلت درکار ہے۔ قمر الزماں کو 1971میں بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کے موقع پر قتل عام‘ اغواء‘ اذیت رسانی اور عصمت ریزی جیسے انسانیت سوز جرائم کا مرتکب پایا گیا تھا۔ قمر الزماں اس وقت پاکستانی افواج کے ہمراہ تھے۔