بنگلورو ۔ 24 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کل یہاں کامن ویلتھ سائنس کانفرنس کا افتتاح کریں گے ۔ جس کا اہتمام تقریبا 50 سال بعد پہلی مرتبہ کیا جارہا ہے ۔ رائل سوسائٹی نے 4 روزہ کانفرنس کا اہتمام حکومت ہند اور کوئین ایلزبتھ ڈائمنڈ جوبلی ٹرسٹ کے تعاون سے کیا ہے ۔ ملکہ برطانیہ کی جانب سے پرنس اینڈریو ڈیوک آف یارک کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شریک رہیں گے ۔ کانفرنس میں دولت مشترکہ ممالک سے 300 سے زائد سائنسدان اور 70 پی ایچ ڈی اسکالرس اور بنگلور کے مقامی مندوبین شرکت کریں گے ۔ جب کہ کانگریس میں فزیکل سائنس ، لائف سائنس ریاضی ، انجینئرنگ اور سائنس پالیسی موضوع بحث رہیں گی ۔ واضح رہے کہ ایک چھوٹی سی دولت مشترکہ سائنس کانفرنس 1967 میں اکسفورڈ میرٹن کالج میں منعقد ہوئی تھی ۔ مندوبین میں نصف برطانیہ اور باقیماندہ دولت مشترکہ ممالک کے نمائندے شامل تھے اور اب تقریبا 50 سال بعد یہ کانفرنس منعقد کی جارہی ہے ۔ نائب صدر رائل سوسائٹی پروفیسر انتھونی چیھتم نے آج میڈیا کو یہ اطلاع دی ۔ اور یہ توقع ظاہر کی کہ بنگلور کی کانفرنس تاریخی یادگار ثابت ہوگی ۔ اس کانفرنس کا مقصد دولت مشترکہ ممالک کے اسکالرس کے درمیان تعاون اور مواقع فراہم اور نوجوان سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔۔