چوپرا( مغربی بنگال)۔یکم اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ وہ ریاست کی تقسیم کی تائید کبھی نہیں کریں گی اور پہاڑی علاقوں کی تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ دارجلنگ میں امن اور معمول کی زندگی کو بحال کریں، جہاں غیر معینہ ہڑتال کا 49 واں دن چل رہا ہے۔ ’’ جو کچھ بھی ہو ہر کسی کو یاد رکھ لینا چاہیئے کہ میں میری زندگی قربان کرنے تیار ہوں لیکن اس ریاست کو کبھی حصوں میں بانٹنے کی تائید نہیں کروں گی۔ ہر ضلع ہمارا اثاثہ ہے۔ ہر مذہب، ذات کے لوگ یہاں رہیں گے۔ یہ ہندوستان ہے۔ اس کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے، نہ کہ اسے تقسیم کیا جائے۔ مجھے مغربی بنگال کے تمام دیگر اضلاع کی مانند پہاڑی علاقوں سے بھی لگاؤ ہے۔ لیکن لوگوں کو یاد رکھنا ہوگا کہ یہ پہاڑی علاقے مغربی بنگال کا حصہ ہیں اور مستقبل میں بھی ایسا ہی رہے گا۔‘‘ ممتا بنرجی نے یہ باتیں آج دوپہر ضلع شمالی دیناج پور میں یہاں منعقدہ ریالی سے خطاب میں کہی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ دارجلنگ کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گی لیکن ایسا کچھ نہیںکریں گی جو فساد یا عوام میں اُلجھن و گڑبڑ پیدا کرنے کا موجب بنے۔ گورکھا جن مکتی مورچہ ( جی جے ایم ) دارجلنگ میں جاری ہڑتال کی قیادت کررہا ہے اور ان کا مطالبہ علحدہ گورکھا لینڈ کی تشکیل ہے۔
ممتا بنرجی نے پہاڑی علاقوں کی سیاسی جماعتوں اور قائدین سے اپیل کی کہ دارجلنگ میں تحمل کا مظاہرہ کریں اور معمول کی زندگی بحال کرنے میں مدد کریں تاکہ مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کو امن و سکون سے حل کیا جاسکے۔ میں چاہتی ہوں کہ دارجلنگ میں عام زندگی بحال ہوجائے۔ وہاں چائے کے باغات میں کام کاج شروع ہوجائے۔ دارجلنگ کی چائے عالمی شہرت رکھتی ہے، اسے بگڑنے نہ دیجئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سیاسی تحریک عوام کی بھلائی کیلئے ہونا چاہیئے لیکن جی جے ایم کی جانب سے جاریہ ہڑتال محض سیاسی مقصد براری کے سوا کچھ نہیں۔ آج چائے کے باغات میں کام کرنے والے ورکرس کو کام نہیں مل رہا ہے۔ اسٹوڈنٹس اپنے اسکولوں اور کالجوں کو جانے سے قاصر ہیں۔ سیاحت متاثر ہورہی ہے۔ جی جے ایم کیوں اس طرح کی تحریک چلارہا ہے۔ عام آدمی کا کوئی قصور نہیں۔ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے لیکن عوام ہی پریشان ہورہے ہیں اور آپ ( جی جے ایم ) اپنی تحریک صرف سیاست کی خاطر جاری رکھے ہوئے ہو۔ یہ رجحان درست نہیں۔ ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ یہ پہاڑی علاقوں کے لوگ نہیں جو گڑبڑ پیدا کررہے ہیں بلکہ سیاسی قائدین ہیں جو باہر کے غنڈوں کو لاکر وہاں لاء اینڈ آرڈر کے مسائل پیدا کررہے ہیں۔جی جے ایم سربراہ بمل گرونگ نے گزشتہ روز چیف منسٹر سے اپیل کی تھی کہ پہاڑی خطہ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی افسوسناک صورتحال کا جائزہ لیں۔ ممتا بنرجی نے آخری مرتبہ 8 جون کو دارجلنگ کا دورہ کیا تھا۔