دونوں واچ لسٹ میں تھے، جرمانے کے بعد ملک بدر کرنے کاامکا ن: امیگریشن
بنکاک ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں دو امریکی سیاحوں کو مشہور مندر واٹ آرون کے سامنے برہنہ تصویر بنانے پر گرفتار کرلیا گیا۔ تھائی لینڈ کے امیگریشن حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ گرفتار کئے گئے سیاحوں جوزف اور ٹریوس ڈیسلواکی عمریں 38 سال ہیں اور انہیں جرمانے کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا۔ تھائی لینڈ میں بدھ مت کی توہین اور اس پر کسی بھی قسم کا حملہ تصور کئے جانے والے افعال کیلئے سخت قوانین ہیں۔ ان دونوں سیاحوں کو گذشتہ روز شام ڈون مویانگ کے ہوائی اڈے پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ملک چھوڑ کر جارہے تھے۔ تھائی لینڈ کی امیگریشن محکمے کے نائب ترجماان کرنل چینگر ون رمپادیو نے بی بی سی کو بتایا کہ متنازعہ سوشیل میڈیا پوسٹ کے بعد سے یہ دونوں افراد ہماری واچ لسٹ میں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ فردجرم عائد کئے جانے کے بعد ان کے ویزے منسوخ کردیئے جائیں گے اور انہیں ملک بدر کردیا جائے گا۔ ان دونوں کو آئندہ تھائی لینڈ آنے کیلئے بھی بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں بنکاک کے یائی پولیس اسٹیشن لایا گیا جہاں ان پر عوامی مقام پر برہنہ ہونے کا الزام عائد کیا گیا۔ اس کیلئے مقامی قانون میں 153 ڈالر کے مساوی جرمانے ہے۔ تاہم تھائی حکومت اور پولیس کے دیگر حکام کے مطابق ان کے خلاف الزامات مزید سنگین بھی ہوسکتے ہیں۔ تھائی لینڈ میں بدھ مقامات پر جانے والوں سے توقع کی جاتی ہیکہ وہ باپردہ لباس پہنیں اور اپنے کندھوں اور ٹانگوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔ سیاحوں کو یہ بھی تاکید کی جاتی ہیکہ وہ بدھا کی تصاویر اور مجسمے سوغات کے طور پر نہ خریدیں۔ 2015ء میں چار یوروپی سیاحوں کو ملائیشیا میں جیل کی سزاء اور جرمانہ کیا گیا تھا جنہوں نے کینا بالوکی پہاڑی پر نیم برہنہ تصاویر بنوائیں۔ یہ مقام بدھ مت میں مقدس سمجھا جاتا ہے۔ 2015ء میںدو امریکی خواتین کو بھی گرفتار کرنے کے بعد جرمانہ اور ملک بدر کردیا تھا کیونکہ انہوں نے کمبوڈیا میں برہنہ تصاویر بنائی تھیں۔