بنڈارو دتاتریہ کو چندرابابونائیڈو کی تہنیت

آندھراپردیش کی ترقی میں تعاون کیلئے مرکزی وزیر سے چیف منسٹر کی خواہش
حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر محنت مسٹر بنڈارو دتاتریہ کو صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے اپنی قیامگاہ مدعو کرکے تہنیت پیش کی اور نئی ریاست آندھراپردیش کی ترقی کیلئے بھرپور تعاون کی خواہش کی۔ مرکزی وزیر نے چیف منسٹر آندھراپردیش کی اپیل پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کا یقین دلایا۔ اس تقریب کے موقع پر فلور لیڈر تلنگانہ تلگودیشم مقننہ پارٹی مسٹر ای دیاکر راؤ، صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا و دیگر قائدین تلگودیشم پارٹی کے علاوہ قائد تلنگانہ بی جے پی مقننہ پارٹی ڈاکٹر کے لکشمن و دیگر قائدین و کارکن کثیر تعداد میں موجود تھے۔ بعدازاں دتاتریہ نے کہاکہ مرکزی وزیر کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد آج ان سے (چندرابابو نائیڈو سے) خیرسگالی ملاقات کی اور ملاقات کے دوران ریاست آندھراپردیش کو درپیش مسائل سے انھیں واقف کروایا گیا اور محکمہ محنت و روزگار سے متعلق بعض اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسٹر دتاتریہ نے مزید کہاکہ وہ نہ صرف ریاست تلنگانہ بلکہ آندھراپردیش ریاست کے ساتھ بھی مکمل انصاف کریں گے اور آندھراپردیش کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور تعاون کا تیقن دیا گیا۔