نئی دہلی ۔2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیوں نے دلتوں کے احتجاج کے دوران تشدد کے لئے مرکزی حکومت پر ذمہ داری عائد کی اور الزام عائد کیا کہ وہ سپریم کورٹ میں اس مقدمہ کی مناسب پیروی نہیں کرسکی ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے دلتوں کے حال زار کیلئے آر ایس ایس اور بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اُن کی مذمت کی۔ انھوں نے کہاکہ وہ ایسے تمام افراد کو معاشرے کی سب سے نچلی سطح پر رکھتے ہیں جو اُن کو چیلنج کرتا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اس انداز فکر کو تشدد کے ذریعہ کچلا جارہا ہے ۔ آج دلت بھائی اور بہن سڑکوں پر آگئے ہیں اور اپنے حقوق کا مودی حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں ۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر پر احتجاجیوں کو سلام کیا ۔ سی پی آئی (ایم ) نے احتجاجیوں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے مقدمہ کی موثر پیروی کرنے سے قاصر رہنے کے نتیجہ میں یہ ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔ سی پی آئی نے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مہلوکین کے ورثاء کو مناسب معاوضہ ادا کیا جانا چاہئے اور خاطی پولیس ملازمین کو سزاء دی جانی چاہئے ۔