بنجارہ ہلز میں گیس سلنڈر پھٹ پڑنے سے 4 مزدور زخمی

حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز بسواتارکم نگر میں پیش آئے ایک واقعہ میں ایل پی جی گیس سلنڈر کے پھٹ پڑنے کے نتیجہ میں 4 مزدور پیشہ افراد جھلس گئے۔ تفصیلات کے بموجب بہار اور جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے محمد عبدل ‘ محمد ساجد‘ محمد نثار اور محمد الیاس جو پیشہ سے مزدور ہیں‘ آج کام سے مکان واپس لوٹنے کے بعد پکوان کررہے تھے کہ اچانک ایل پی جی گیس سلنڈر سے گیس کے اخراج کے بعد دھماکہ ہوگیا۔ اس دھماکہ میں مذکورہ 4 افراد شدید طور پر جھلس گئے اور دھماکہ کے نتیجہ میں علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ زخمیوں کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا اور پولیس بنجارہ ہلز نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔