پولیس ملازمین کیلئے ہفتہ واری تعطیل کی تجویز ۔ وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی
حیدرآباد 22 مارچ ( این ایس ایس ) تلنگانہ میں گوداوری پشکرالو کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جائیگاجس طرح کمبھ میلہ کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج یہ بات بتائی ۔ وزیر داخلہ نے کریمنگر کے دورہ کے موقع پر پشکرالو سے متعلق کاموں کا جائزہ لیا ۔ نرسمہا ریڈی نے اس موقع پر بتایا کہ حکومت جلدی ہی حیدرآباد کے بنجارہ ہلز علاقہ میں ایک انتہائی عصری پولیس کمانڈنٹ کنٹرول روم قائم کر رہی ہے جس سے ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو مربوط کردیا جائیگا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ لا اینڈ آرڈر کی برقراری پر خاص توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سماج میں عوامی تحفظ ‘ سکیوریٹی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر خاص توجہ دے رہی ہے کیونکہ اس سے ریاست کی ترقی میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پولیس اہلکاروں فلاح و بہبود پر بھی توجہ دے رہی ہے اور اب جلدی ہی پولیس ملازمین کو بھی ہفتہ واری تعطیل ملا کریگی ۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت ہر گھر کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ مشن کاکتیہ کے ذریعہ جھیلوں کی صفائی کے کام کئے جا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں بنجر زمینیں بھی قابل کاشت ہوجائیں گی اور ریاست سنہرے تلنگانہ میں بدل جائیگی ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ دنوں میں ریاست میں زرعی سرگرمیوں میں اضافی درج کیا جائیگا۔اس دورہ میں ڈی جی پی تلنگانہ انوراگ شرما بھی شامل تھے ۔