بم کی موجودگی کی اطلاع پر دو طیاروں کی پرواز منسوخ

ایر انڈیا اور جیٹ ایرویز کو بم سے اُڑادینے کا دھمکی آمیز فون
نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بم کی موجودگی کی اطلاع پر دو طیاروں کی پرواز روک دی گئیایر انڈیا اور جیٹ ایرویز کو کٹھمنڈو کے لئے پرواز سے قبل ہی بم سے اُڑانے کی دھمکی بھرا فون ملنے پر دوبارہ لینڈ کروانا پڑا۔ ایرپورٹ ذرائع نے کہاکہ ان دو طیاروں کو اس وقت روک دیا گیا جب اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر جیٹ ایرویز سکیورٹی آفس کو ایک گمنام فون موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ ایر انڈیا کے طیارہ A1-215 اور جیٹ ایرویز کے طیارہ 9W280 کو ’’بم کا خطرہ‘‘ ہے۔ اب دونوں طیارے نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو کو ایک بجکر 15 منٹ اور ایک بجکر 30 منٹ کو اڑنے والے تھے۔ طیاروں کو بم سے اُڑا دینے کی دھمکی کا ایک ہفتہ کے اندر ہی دوسرا واقعہ ہے۔ ہفتہ کے دن اس جیٹ ایرویز کے طیارہ کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد طیارہ کی پرواز میں 6 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ حکام نے دھمکی آمیز فون کے بعد سارا طیارہ کی تلاشی لی تو یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔ ایر انڈیا کے طیارہ میں 121 مسافر سوار تھے جبکہ جیٹ ایرویز کے لئے 122 مسافروں نے اپنی نشست بُک کروائی تھی۔ ان میں عملہ کے 7 ارکان بھی تھے۔ بم کی اطلاع کے بعد دونوں طیاروں کو الگ تھلگ مقام پر لے جایا گیا اور بم ناکارہ بنانے والے عملہ کی مدد سے تلاشی لی گئی۔ تمام مسافرین کے بیاگیج کی بھی تلاشی لی گئی۔ ان دونوں طیاروں کو سکیورٹی وجوہات کے باعث پرواز سے روک دیا گیا۔