بم رکن الدولہ تالاب پر ناجائز قبضہ، تالاب کو منظم طریقہ سے ختم کرنے کی سازش

سرکردہ افراد کی سرپرستی، مشن کاکتیہ کے باوجود حکومت کی خاموشی
حیدرآباد۔4جون(سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میں موجود تالاب بم رکن الدولہ پر جاری ناجائز قبضہ پر اختیار کردہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی خاموشی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کنگس کالونی و شاستری پورم کے درمیان موجود 400سالہ قدیم ان تالاب کو ختم کرنے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے اوراس کوشش کو سرکردہ افراد کی پشت پناہی حاصل ہے جس کے نتیجہ میں عہدیداروں کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ بم رکن الدولہ شہر حیدرآباد کے منفرد تالابوں میں سے ایک ایسا تاریخی تالاب ہے جو شہر 400سالہ قدیم ہے لیکن اس کی حفاظت کے متعلق اختیار کردہ روش تالاب کی اہمیت کو ختم کرنے کی کوشش کا بین ثبوت ہے۔ بم رکن الدولہ کے تحفظ کے سلسلہ میں SOULنامی تنظیم کے علاوہ کئی سرکردہ شخصیتیں جو شہر کی تاریخی و تہذیبی عمارتوں کے تحفظ کے سلسلہ میں سرگرم ہیں نے متعلقہ محکمہ جات کو توجہ دلوائی ہے لیکن اس کے باوجود اس تالاب کے پشتہ میں مورم اندازی کے ذریعہ اسے بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے مشن کاکتیہ کے نام پر کروڑ ہا روپئے خرچ کرتے ہوئے تالابوں کو بچانے اور ان کی بازیافت کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن بم رکن الدولہ کو تباہ کرنے کی کوششوں پر متعلقہ محکمہ جات کی خاموشی حکومت کے نظریات کے بالکل برعکس ہے۔محترمہ لبنی ثروت نے بتایا کہ بم رکن الدولہ کو تباہ کرنے کے متعلق کی جانے والی کوششو ںمیں لینڈ گرابرس ملوث ہیں اور ان لینڈ گرابر کی جانب سے تالاب کے پشتہ میں مٹی ڈالتے ہوئے اسے بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ شکایات درج کروائی جا چکی ہیں لیکن رات دیر گئے جاری رہنے والی ان سرگرمیوں کوروکنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی جاتی اور نہ ہی حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے اس تالاب کو بچانے کے لئے کوئی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔راجندر نگر منڈل میں موجود اس تالاب کو بچانے کے لئے کی جانے والی کوششو ںمیں سیاسی مداخلت رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے کیونکہ ان لینڈ گرابرس کو جو تالاب فروخت کرنا چاہتے ہیں انہیں ان کی پشت پناہی حاصل ہے۔محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہری حدود میں موجود تالابوں کا تحفظ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی ذمہ داری ہے اور ان تالابوں کے متعلق اعلامیہ کی اجرائی بھی اتھاریٹی کی ہی ذمہ داری ہے ۔SOUL کے ذمہ داروں نے ریاستی حکومت کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ اس بم رکن الدولہ کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کے ذریعہ شہر حیدرآباد کی تاریخ اور تالاب دونوں کے تحفظ کو ممکن بنانے کے اقدامات کرے تاکہ آئندہ نسلیں شہر کی تاریخ سے واقف ہوسکیں اور اس تالاب کے تحفظ کے ذریعہ اطراف کے علاقو ںمیں ماحولیات کے تحفظ کو بھی ممکن بنایا جاسکے کیونکہ آبی ذخائر ماحولیات کے تحفظ میں انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔