چدمبرم (ٹاملناڈو) ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ ہفتہ خام بم دھماکہ ہونے کے بعد پولیس نے مزید دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور اس طرح گرفتار شدہ افراد کی جملہ تعداد چار ہوگئی ۔ خصوصی پولیس کی ایک ٹیم نے ایک مکان پر دھاوا کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا جو وہاں چھپے ہوئے تھے جن دو ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے ان کی شناخت 25سالہ سنتوش اور 26سالہ پتّسی کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔3مئی کو ایک رہائشی علاقہ میں بم دھماکہ ہوا تھا اور مندرجہ بالا دو ملزمین اُن چار ملزمین میں شامل تھے جو ایک ہاسپٹل سے فرار ہوگئے تھے۔ پولیس دیگر ملزمین کو تلاش کررہی ہے ۔ بم دھماکہ میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے ۔
15 کیلو وزنی بم ناکارہ کردیا گیا
رانچی ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سکیورٹی فورسیس نے جھارکھنڈ کے مغربی سنگھبوم ڈسٹرکٹ میں نکسلائیٹس کے ایک حملہ کو ناکام کردیا اور 15 کیلو کے بم کو پھٹنے سے قبل ناکارہ کردیا۔ یہ واقعہ صبح میں اس وقت پیش آیا جب سی آر پی ایف کا ایک اسکواڈ ریاستی پولیس اہلکاروں کے ساتھ کرما پاڑہ۔ جمبائی پورو اور کیری بورو جنگلات کے علاقہ میں معمولی کی گشت پر تھا اور اس طرح بم کو ناکارہ کرتے ہوئے ایک بڑے حادثہ کو ٹال دیا گیا۔