ڈھاکہ ،13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ واجد نے آج بمسٹیک (BIMESTEC) کے سکریٹریٹ کا افتتاح انجام دیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ اس کے ذریعہ ہم سات ممالک کی شراکت داری بشمول ہندوستان کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہے کہ ’دی بے آف بنگال انیشیٹو فار ملٹی سیکٹورل ٹکنیکل اینڈ اکنامک کوآپریشن‘ کی تشکیل کا مقصد جنوبی ایشیائی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو جوڑنا ہے جن میں بنگلہ دیش ، بھوٹان ، ہندوستان ، میانمار ، نیپال ، سری لنکا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ شیخ حسینہ نے افتتاح کے اس مبارک دن کو بنگلہ دیش کیلئے تاریخی قرار دیا اور کہاکہ افتتاح کے ذریعہ مذکورہ علاقائی تنظیم کو ایک عظیم پیشرفت حاصل ہوئی ہے جو جنوبی ایشیاء اور جنوب مشرقی ایشیاء کے درمیان پُل کا کام کرے گا ۔