مین ہول میں گرنے عینی شاہدین کی اطلاع پر تلاش جاری
ممبئی ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہاسپٹل کے ممتاز گیسٹرو انٹرولوجسٹ ڈاکٹر دیپک امرپورکر گذشتہ روز کی موسلادھار بارش کے دوران ایلفن اسٹون روڈ اسٹیشن کے قریب لاپتہ ہوگئے۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ 58 سالہ امرپورکر کل شام اپنی کار کے ذریعہ گھر سے روانہ ہوئے تھے لیکن سڑک پر پانی جمع ہوجانے کے سبب انہوں نے اپنے ڈرائیور سے کہا تھا کہ انہیں ایلفن اسٹون روڈ اسٹیشن کے قریب اتار دیں۔ بعدازاں وہ اپنے گھر کی سمت پیدل روانہ ہوگئے تھے اور اس وقت موسلادھار بارش جاری تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس سنیل دیشمکھ نے کہا کہ ’’چند عینی شاہدین کے مطابق ڈاکٹر امرپورکر ایک مین ہول میں گر گئے اور پولیس کو اس (مین ہول) کے قریب ان کی چھتری ملی‘‘۔ مین ہول کی ناکہ بندی کے بعد تلاش شروع کردی گئی ہے۔ ان کی گمشدگی کی شکایت بھی درج کی جاچکی ہے۔
ممبئی میں 331.4 ملی میٹر بارش
ممبئی۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی محکمہ موسمیات کی سانتا کروز رسد گاہ نے منگل کو 331.4 میلی میٹر بارش ریکارڈ کی ہے جو 26 جولائی 2005ء کے بعد سب سے زیادہ بارش ہے۔ تب 944 ایم ایم کی ریکارڈ بارش درج ہوئی تھی۔