فوربس کی فہرست میں 56 ہندوستانی شامل ، مکیش امبانی اول
نیویارک۔3 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) میکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز پھر سے حاصل کرلیا ہے جبکہ فوربس میگزین کی سالانہ ارب پتی شخصیتوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 56 ارب پتی شخصیتوں میں آر آئی ایل چیرمین مکیش امبانی اول نمبر پر ہیں۔ بل گیٹس عالمی نمبر ایک مقام پر چار سال کے وقفہ کے بعد واپس ہوئے ہیں اور انھوں نے یہ اعزاز میکسیکو کے ٹیلی کام کی بڑی شخصیت کارلوس سلِم ہیلو کی جگہ لی ہے ، جو پچھلے چار برسوں سے نمبر ایک رینک کے حامل تھے ۔ بل گیٹس جن کی دولت گزشتہ سال 9 بلین امریکی ڈالر بڑھ کر 76 بلین ڈالر ہوئی ، گزشتہ 20 برسوں میں سے 15 سال اول مقام پر رہے ہیں ۔ فوربس نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے کاموں پر کئی برس توجہ دینے کے بعد بل گیٹس اب اپنا زیادہ وقت مائیکروسافٹ میں پراڈکٹ منیجر کے ساتھ کام کرتے ہوئے گذارنا چاہتے ہیں تاکہ گوگل اور ایپل جیسی حریف کمپنیوں کو مات دے سکیں ۔ ریلائینس انڈسٹریز لمیٹیڈ کے سربراہ مکیش امبانی 18.6 بلین ڈالر کی خالص دولت کے ساتھ ہندوستان میں اُن 56 ارب پتی شخصیتوں میں سب سے آگے ہیں جو اس فہرست میں شامل ہیں۔ مکیش کے چھوٹے بھائی انیل امبانی کا رینک اس فہرست میں 281 واں ہے جبکہ اُن کی خالص دولت 5بلین ڈالر ہے ۔