نئی دہلی۔ 26جون (یو این آئی) ملک میں ‘بلڈ بینک’ کی طرح اب ‘بون بینک’ بھی آہستہ آہستہ مقبول ہوتا جا رہا ہے اور لوگوں کو ان بینکوں سے سرجری کیلئے ہڈیاں دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔ اگر بون کینسر یا حادثے کی وجہ سے آپ کی ہڈیاں خراب ہو گئیں ہو یا ٹوٹ پھوٹ گئی ہوں تو بون بینک سے ایسی ہڈیوں کو تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔بینک میں سرجری کے دوران کسی مریض کے جسم کے کسی بھی عضو سے نکالی گئی ایسی ہڈیاں رکھی جاتی ہیں جو اس مریض کے لئے بے کار ہو چکی ہوتی ہیں۔ہڈیوں کے ڈاکٹروں کی تنظیم ‘دی انڈین آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن’ کے صدر سدھیر کپور کے مطابق ان ہڈیوں کو کسی اور مریض کے جسم میں ضرورت پڑنے پرلگا دیا جاتا ہے ۔مردہ شخص کے جسم کی ہڈیاں بھی اس میں رکھی جا سکتی ہیں لیکن اس کے لئے مردہ شخص کے جسم سے اس کی ہڈیوں کو چھ گھنٹے کے اندر نکال لینا ہوگا. ایسی ہڈیاں دو سال تک محفوظ رکھی جا سکتی ہیں۔انہیں صفر سے 80 ڈگری نیچے کے درجہ حرارت پر رکھنا پڑتا ہے ۔زندہ شخص کے جسم سے نکلی ہڈیوں کو بھی بینک میں ایک مخصوص درجہ حرارت میں محفوظ رکھنا پڑتا ہے اس کے لئے مختلف درجہ بندی ہوتی ہیں۔ڈاکٹر کمار کے مطابق ان ہڈیوں کو پانچ برس تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے ۔اس کے بعد یہ استعمال کے قابل نہیں رہ جاتی ہیں۔