کوئٹہ ، 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کیخلاف سرگرم بلوچ عسکریت پسند تنظیم ‘جیش النصر’ کے سربراہ عبدالرئوف ریگی کو گذشتہ روز کوئٹہ میں ایک قاتلانہ حملے میں قتل کر دیا گیا۔ عبدالرئوف ریگی پر حملہ مغربی پاکستان کے شہر کوئٹہ میں 28 اگست کو علی الصبح کیا گیا جس میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سْنی بلوچ تنظیم نے ریگی پر حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کی ہے اور کہا ہے کہ تہران ہی ماضی میں بھی ان کی تنظیم کے قائدین کو قاتلانہ حملوں میں قتل کرتا رہا ہے۔ یہ حملہ بھی ایران ہی نے کیا ہے۔ خیال رہے کہ ایران مخالف بلوچ تنظیم ’جنداللہ‘ کے سربراہ عبدالمالک ریگی کو ایران میں پھانسی دیئے جانے کے بعد عبدالرؤف ریگی اہم ترین نوجوان کمانڈر کے طور پر ابھرے تھے۔ انہوں نے شروع میں ایک دوسری تنظیم ’بلوچ عدل آرمی‘ میں شمولیت اختیار کی تھی تاہم گذشتہ مئی میں اختلافات کے بعد ’النصر آرمی‘ کے نام سے ایک نئی تنظیم قائم کر لی تھی۔