اسلام آباد ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان میں سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ آج انکاونٹر کے نتیجہ میں کم سے کم 40 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جو حالیہ دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔ صوبائی حکومت نے کہا ہیکہ فوجی کارروائی کے دوران تقریباً 10 عسکریت پسند کیمپوں کو تباہ کردیا گیا اور اسلحہ و گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ ضبط کرلیا گیا۔ فرنٹیر کور کے مطابق ضلع کلات کے پارودھ علاقہ میں بڑے پیمانے پر کارروائی کے دوران 40 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ اس مہم میں سیکوریٹی فورسیس کی کثیر تعداد شامل ہے جنہیں مقامی انتظامیہ کی مدد حاصل ہے۔ فرنٹیر کور کے ترجمان نے ڈان نیوز سے کہا کہ کارروائی کے دوران سیکوریٹی فورسیس کے 10 اہلکار زخمی ہوئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مہم میں ان شرپسندوں کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا جنہوں نے صوبہ بلوچستان کے مختلف حصوں میں سیکوریٹی فورسیس، ٹرین مسافرین اور اہم تنصیبات کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ سیکوریٹی فورسیس نے عسکریت پسندوں کے قبضہ سے راکٹ لانچرس، دستی بم اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ ضبط کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ کئی علاقوں پر سیکوریٹی فورسیس اور شرپسندوں کے درمیان بڑے پیمانے پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس علاقہ میں جھڑپوں کے سبب صورتحال کشیدہ ہے۔