مئیر بلدیہ کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( ایجنسیز ) : جاریہ مالیاتی سال کے لیے کارپوریٹرس بجٹ کے مسئلہ پر مئیر بلدیہ محمد ماجد حسین نے سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اسٹانڈنگ کمیٹی ارکان کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ زونل کمشنرس ، ایڈیشنل کمشنرس ( مال ، فینانس ) اور چیف انجینئر کارپوریشن نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران مئیر نے بتایا کہ کارپوریشن جنرل باڈی نے اطراف بلدہ علاقوں کے بلدی ڈیویژنس کے لیے 2 کروڑ روپئے جب کہ مرکزی بلدی علاقوں کے لیے دیڑھ کروڑ روپئے کارپوریٹرس بجٹ مختص کیا ہے ۔ اور کارپوریٹرس بجٹ دو سو پچاس کروڑ روپئے ہوگا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دیڑھ سو وارڈس کے مقابل صرف 128 ڈیویژنس سے ترقیاتی کاموں کے لیے تجاویز موصول ہوئی ہیں اور 713 کاموں کی تکمیل کے لیے 141 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ جب کہ 527 کاموں کی تکمیل کے لیے سو کروڑ روپئے کی منظوری پہلے ہی دی جاچکی ہے ۔ مئیر بلدیہ نے بتایا کہ 36 کاموں کے لیے 5.7 کروڑ تخمینہ ایس سی پلان کے تحت اور 8 کاموں کی تکمیل کے لیے ایک کروڑ روپئے کا تخمینہ ایس ٹی سب پلان کے تحت تیار کیا گیا ہے ۔ مئیر جی ایچ ایم سی ماجد حسین نے تمام زونل کمشنران کو ہدایت دی کہ تمام الاٹ کردہ رقم 250 کروڑ روپئے کا استعمال کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر کاموں کی تکمیل عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جنگی خطوط پر کارپوریٹرس بجٹ کے تحت تمام کاموں کی تکمیل عمل میں لایا جائے ۔۔