تمام شعبہ جات کو تاکید ، کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کے احکامات
حیدرآباد۔7اکٹوبر(سیاست نیوز) بلدی ملازمین اپنے دفاتر کی صفائی اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اپنے طور پر اقدامات کریں اور تمام دفاتر کو ماحول دوست بنانے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے تمام شعبۂ جات کے ذمہ داروں و ملازین کو تاکید کی کہ وہ صاف ستھرے ماحول کو یقینی بنانے میں کوتاہی نہ کریں۔ کمشنر کے دفتر سے جاری کردہ احکام میں اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ ہر شعبہ میں کوڑے دان رکھے جائیں اور جابجا گندگی کو پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ ہر ملازم کو لازمی ہے کہ وہ اپنی نشست کی صفائی کو بہتر طریقے سے انجام دیتے ہوئے اسے پاک صاف رکھنے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے احکام میں واضح طور پر کہا کہ دفاتر میں کام کاج کے ماحول کو فروغ دیا جائے اور شخصی معاملات کے بجائے دفتری امور کو ترجیح دی جائے۔ دفاتر میں موجود تمام بیت الخلاؤں کی بہتر صفائی انجام دینے کے علاوہ گاڑیوں کی پارکنگ میں باقاعدگیوں کو دور کیا جائے۔ دفتری حدود میں فلیکس اور اسٹیکرس چسپاں کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ شہر کے صفائی امور کی انجام دہی کے ذمہ دار ادارے میں ملازمین کیلئے اس طرح کے احکام و ہدایات کی اجرائی سے واضح ہوتا ہے کہ جی ایچ ایم سی میں موجود عہدیدار و ملازمین ہی اس مسئلہ پر عدم توجہی کے سبب شہر کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تمام زونل و سرکل دفاتر کو روانہ کردہ ان احکامات میں اطراف کے ماحول و دفاتر کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صاف صفائی کے نظم کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ بلدی عہدیدار خود اپنے اطراف و اکناف کے ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ اس کا آغاز کریں۔دفاتر کی عمارتوں اور ان میں موجود سہولتوں کو بہتر بنانے کے بروقت اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ و محکمہ کے ذمہ دار عہدیداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دفاتر کی عمارتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کریں اور ان عمارتوں میں شجر کاری اور بہتر صفائی کے انتظامات کروائے اسی لئے تمام عہدیداروں کو اس سلسلہ میں توجہ دینی ہوگی تاکہ جی ایچ ایم سی دفاتر میں صفائی اور ماحول دوست صورتحال پیدا ہو سکے اور عوام کو بلدیہ کی کارکردگی پر اطمینان ہو سکے ۔