بلدی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے

حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی چیف الکٹورل آفیسربھنور لعل نے بتایاکہ انتخابی شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا آغاز ہوچکا ہے اور اس پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال ہونے والے انتخابات کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے انتخابی مصارف کی رقم کو 40لاکھ سے بڑھا کر70 لاکھ روپئے کردیئے ہیں۔

مسٹر بھنور لعل نے کہا کہ انتخابات کے دوران کسی بھی نوعیت کی کوئی بھی شکایت فون نمبر 1950 پر کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ مرکزی الیکشن کمیشن نے انتخابی پروگرام ( شیڈول ) کا جیسے ہی اعلان کیا آج ریاستی چیف الکٹورل آفیسر کی جانب سے کُل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا۔ اس اجلاس میں مسرس بی کملاکر راؤ، ڈاکٹر سی اوما ملیشور راؤ اور اے شیام موہن ( کانگریس پارٹی ) کے رویندر کمار، کے جناردھن راؤ ( تلگودیشم پارٹی ) پروفیسر ایم سرینواس ریڈی اور جے رامچندر راؤ ( تلنگانہ راشٹرا سمیتی ) وائی وینکٹیشور راؤ اور جے جیا رام ( سی پی آئی ایم ) کے علاوہ ڈاکٹر کے لکشمن اور ڈاکٹر ایم لکشمن نے شرکت کی اور انتخابات کے موثر و پُرامن طور پر انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام جماعتوں کے قائدین سے پرزور اپیل کی۔

بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس میں چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ مسٹر بھنور لعل نے اخباری نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں شریک تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اس بات کی خواہش کی کہ ریاست میں بلدیات کے مجوزہ انتخابات کے فوری بعد نتائج کا اعلان نہ کیا جائے کیوں کہ اس کا عام انتخابات پر اثر پڑسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں موصولہ یادداشتوں کو مرکزی الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا اور مرکزی الیکشن کمیشن جو فیصلہ کرے گا اس پر عمل کیا جائے گا۔ اس دوران الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلدی انتخابات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔ سکریٹری اسٹیٹ الیکشن کمیشن نوین متل نے بتایا کہ بلدی انتخابات ہائی کورٹ کی ہدایت پر ہورہے ہیں اور شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی ہے۔

امریکی قونصل خانہ کے سیکوریٹی ملازم کی اتفاقی گولی چل جانے سے موت
حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) امریکی قونصل خانہ حیدرآباد پر متعین سیکوریٹی دستہ کے ایک ملازم کی اچانک گولی چل جانے کے سبب موت واقع ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اے پی ایس پی 12 بٹالین سے وابستہ 23سالہ کانسٹبل نرسمہا سوامی کی بندوق اچانک چل گئی اور وہ خود اس کی زد میں آگیا۔ پولیس نے اسے اتفاقی حادثہ یا خودکشی قرار دینے سے گریز کیا ہے اور کہا کہ تحقیقات کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔ نرسمہا سوامی کا تعلق ضلع نلگنڈہ سے بتایا گیا ہے۔
اس کے ساتھی کانسٹبل نے باتھ روم میں نعش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔