حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بلدیہ اور برقی محکموں کی مجرمانہ غفلت سے دو کمسن ہلاک ہوگئے ۔ عید کے دن راجندر نگر اور شاہ میر پیٹ کے دو خاندانوں میں سرکاری محکموں کی مجرمانہ غفلت سے ماتم چھا گیا ۔ عید کی خوشی میں مصروف یہ خاندان المیہ سے دوچار ہوگئے ۔ دونوں واقعات میں کمسن لڑکے نماز عید سے کوئی واپس ہورہا تھا تو کوئی عید کی نماز ادا کرنے کے لیے اپنے مکان سے نکلا تھا ۔ شاہ میر پیٹ کے علاقہ میں پیش آئے دلسوز اور انتہائی افسوس ناک واقع میں 6 سالہ محمد فاروق آوارہ کتوں کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ فاروق اپنی کمسن بہنوں اور والد کے ہمراہ نماز عید کی ادائیگی کے بعد واپس ہورہا تھا کہ تقریبا 5 تا 6 آوارہ کتے ان پر حملہ آور ہوگئے ۔ اور فاروق ان کتوں کے حملہ کی زد میں آگیا ۔ اس سے قبل کے ان آوارہ کتوں کے حملہ سے اس کمسن کو بچایا جاتا وہ شدید زخمی ہوچکا تھا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ جب کہ دوسرے واقعہ میں محکمہ برقی کی مبینہ لاپرواہی اور مجرمانہ غفلت سے 8 سالہ سید مزمل ہلاک ہوگیا ۔ مزمل جو ایم ایم پہاڑی علاقہ کے ساکن سید حبیب کا بیٹا تھا ۔ عید کی خوشیوں میں مصروف تھا ۔ صبح جلد نماز عید کے لیے تیار ہونے کے بعد وہ نماز کی ادائیگی کے لیے اپنے مکان سے نکلا تھا کہ برقی تار کی زد میں آکر شدید متاثر ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ دونوں ہی واقعات میں محکموں کی کھلی لاپرواہی ایک بار پھر سامنے آگئی ۔ آوارہ کتوں کی بہتات پر قابو پانے اور کتوں کی آبادی سے دور رکھنے کے اقدامات میں بلدی حکام اور موسم بارش کے باوجود برقی تاروں کی نگہداشت اور ان کی دیکھ بھال میں محکمہ برقی ناکام ہوگئے ۔ ان واقعات سے مقامی عوام میں غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں ۔۔