حیدرآباد۔ 23 اگسٹ (سیاست نیوز ) شہریوں میں عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے رجحان میں ہورہے اضافہ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جو موبائیل اپلیکیشن بنام ‘MyGHMC’تیار کیا ہے وہ اب تک 65ہزار شہری ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں اور ان کے ذریعہ تاحال 8172شکایات موصول ہوئی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے بموجب اب تک اس اپلیکیشن کے ذریعہ موصول ہونے والی 8172شکایات میں 6533کی یکسوئی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے بتایا کہ 100فیصد شکایات کی یکسوئی کو یقینی بنانے والے عہدیداروں کو محکمۂ جاتی سطح پر ایوارڈ دیتے ہوئے ان کی سراہنا کی جائے گی اور مسائل کی یکسوئی میں مسابقت پیدا کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلدی حدود میں اب تک موبائیل اپلیکیشن کے ذریعہ موصول ہونے والی شکایات کی یکسوئی کا مجموعی فیصد 79.94ریکارڈ کیا گیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ دنوں میں ایپلیکیشن کے استعمال کے رجحان میں مزید اضافہ ہوگا اور شہری راست اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے نمائندگی کر پائیں گے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں شہریوں کی جانب سے کی جانے والی شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کمشنر بلدیہ نے کہا کہ جو عہدیدار مسائل کی یکسوئی میں ناکام رہے انہیں نوٹس وجہ نمائی جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا جائے گا کیونکہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایا ت کے باوجود کارکردگی کو بہتر نہ بنایا جانا غفلت میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے عوامی اعتماد حاصل کریں تاکہ عوام کو اس بات کا یقین ہو سکے کہ حکومت کی جانب سے عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ عوام میں شعور اجاگر کرنے اور انہیں ذمہ دار شہری بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات صرف تشہیر نہیں ہیں بلکہ ان کے ذریعہ عوام خود راست عہدیداروں کو اپنے مسائل سے واقف کروا سکتے ہیں۔