بلا رکاوٹ برقی سربراہی یقینی بنائی جائے

عہدیداروں کو وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی کی واضح ہدایت
حیدرآباد 27 فبروری ( این ایس ایس ) وزیر توانائی مسٹر جی جگدیش ریڈی نے آج عہدیداروں سے کہا کہ وہ دونوں شہروں کے عوام کو بلا رکاوٹ برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ اپنے محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس میں انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ لائینس کی مرمت ‘ نئے سب اسٹیشن کی تنصیب اور دوسرے کاموں کے سلسلہ میں ہونے والی برقی کٹوتی کے تعلق سے عوام کو قبل از وقت مطلع کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مخصوص مقامات پر برقی کی کٹوتی اور بحالی کے تعلق سے قبل از وقت اطلاع دینے کو یقینی بنائیں۔ وزیر موصوف نے حکام سے کہا کہ وہ موسم گرما میں برقی کی طلب میں ہونے والے اضافہ سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت تیار ی کرلیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ فبروری کے دوران ہی 45 ملین یونٹس برقی استعمال کی گئی ہے ۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ بلا رکاوٹ اور مسلسل برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے اضافی تعداد میں ٹرانسفارمرس نصب کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو موسم گرما میں جو شکایات درپیش ہوتی ہیں ان کو دور کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمرس کی گنجائش میں اضافہ اور نئے سب اسٹیشنوں کی تنصیب و دیکھ بھال اور مرمت کے کام وقفہ وقفہ کرنے سے عوام کی شکایات اور مشکلات کو دور کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلسل جائزہ لیتے ہوئے اور دیگر اقدامات کے ذریعہ عوام کو مشکلات سے بچایا جاسکتا ہے اور ڈومیسٹک ‘ زرعی اور صنعتی شعبہ جات کیلئے برقی کو بحال کیا جاسکتا ہے ۔