بلاول بھٹو پاکستان کے دن میں خواب دیکھنے والوں میں شامل

نئی دہلی۔ 21؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ انڈین یونین مسلم لیگ نے آج بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کے ’دن میں خواب دیکھنے والوں میں سے ایک‘ قرار دیتے ہوئے کشمیر کے بارے میں ان کے تبصرے کو مسترد کردیا۔ صدر مسلم لیگ و رکن پارلیمنٹ ای احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے اپوزیشن لیڈر بلاول بھٹو کا تبصرہ صرف یہ ظاہر کرنے کی کوشش ہے کہ وہ بھی پاکستان کے دن میں خواب دیکھنے والوں میں سے ایک ہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ کشمیر کا ایک ایک اِنچ حصہ ہندوستان سے واپس لیں گے۔ ای احمد نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے، پورا ہندوستان خاص طور پر 17 کروڑ مسلمان ملک کی یکجہتی کے تحفظ کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہادیں گے۔ انھوں نے بلاول بھٹو اور دیگر پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ وہ دو قومی نظریہ ترک کردیں، کیونکہ یہ دن میں خواب دیکھنے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان کسی کو بھی ملک میں مسلمانوں کی آبادی کے اعداد و شمار کم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کے ایک ایک اِنچ حصہ کی لمحہ آخر تک حفاظت کی جائے گی۔