بقرعید منانے تین یوم کی تعطیل کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ

وزیراعلیٰ تلنگانہ سے تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹیز ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن کی نمائندگی
حیدرآباد ۔ 21 ستمبر (پریس نوٹ) ڈاکٹر اے اے خان ریاستی نائب صدر ڈاکٹر اے اے خان تلنگانہ مائناریٹیز ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن (ٹی ایس میسا) نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تمام عالم اسلام کے مسلمانوں کیلئے بقرعید کی بڑی اہمیت ہے اور یہ عید قربانی اور ایثار کی فقیدالمثال پیش کرتی ہے جو ماہ ذی الحجہ کی 10 تا12 ذی الحجہ کے دوران تین دن تک منائی جاتی ہے اور ان تین دنوں میں اہل اسلام اپنی استطاعت کے مطابق مختلف جانوروں کی قربانی دیتے ہیں۔ سرکاری ملازمین کے لئے صرف ایک دن کی چھٹی ناکافی ہوتی ہے۔ ٹی ایس میسا کے ریاستی صدر جناب فاروق احمد اور غلام جیلانی انصاری نے بتایا کہ بہتر طور طریقہ سے بقر عید (عیدالاضحی) منانے کیلئے تین دن درکار ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر اے اے خان اور کلیم الدین احمد نے مزید بتایا کہ اس اہم عید کے پیش نظر ملازم سرکار اپنے اپنے محکمہ کے ہیڈکوارٹرز سے اپنے وطن اور آبائی مقام پر جاکر اپنے اہل و عیال اور خاندان کے بزرگوں کے ساتھ عید مناتے ہیں۔ اس کیلئے آنے جانے میں بھی کم سے کم تین دن کی سہولت درکار ہے۔ ایسی عیدوں کے موقع پر ہندو مسلم اتحاد کیلئے مسلمان بھائی اپنے اپنے ہندو بھائیوں کو اس عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے دعوتوں میں مدد کرتے ہیں جس سے بلامذہب و ملت ریاست اور ملک کے عوام میں بھائی چارگی پیدا ہوتی ہے۔ لہٰذا تلنگانہ مائناریٹیز ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن (ٹی ایس میسا) کی جانب سے ایک مکتوب ریاست تلنگانہ کے وزیراعلیٰ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ، نائب وزیراعلیٰ جناب محمد محمود علی، ریاستی چیف سکریٹری اور پرنسپل سکریٹری پولیٹیکل جنرل ایڈمنسٹریشن کو روانہ کرتے ہوئے جناب ایم اے فاروق احمد ریاستی صدر اور ڈاکٹر اے اے خان ریاستی نائب صدر ٹی میسا مطالبہ کیا کہ اس مرتبہ بقر عید اتوار 5 اکٹوبر کو منائی جانے والی ہے۔ 6 اور 7 اکٹوبر کو بھی تعطیل کی منظوری دیتے ہوئے بقرعید منانے کیلئے تین یوم کی تعطیل کے احکامات جاری کریں تو ریاست کے تمام مسلمان سرکاری ملازمین کے ساتھ دوسرے طبقہ کے عوام کو بھی سہولت ہوگی۔