نئی دہلی ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے بغیر سبسیڈی کے پکوان گیاس سلینڈر کی قیمت میں 78.50 روپئے کی کمی کی ہے۔ دہلی میں اِس کمی کے بعد 14.2 کیلو وزنی سیلنڈر کی قیمت 552.50 روپئے ہوگی۔ آئیل کمپنیوں نے سبسیڈی والے سلینڈر کی قیمت میں 3.88 روپئے فی سلینڈر کا اضافہ کیا ہے چنانچہ دہلی میں ایک سیلنڈر کی قیمت 446.65 روپئے ہوگی۔ حکومت کی جانب سے صارفین کو مالی سال کے دوران 12 سیلنڈر سبسیڈی پر فراہم کئے جاتے ہیں۔ اِس کے بعد ہر سیلنڈر مارکٹ قیمت میں خریدنا ہوتا ہے۔
حکومت پر ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کا الزام : راہول
نئی دہلی ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے جی ڈی پی شرح میں گراوٹ کے لئے مرکز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے دیگر مسائل کو اُچھالا جارہا ہے۔ اُنھوں نے ٹوئٹ کیاکہ جی ڈی پی گراوٹ، بے روزگاری میں اضافہ لیکن حکومت بنیادی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے دیگر مسائل اُچھال رہی ہے۔ اُنھوں نے اخباری اطلاعات کا بھی حوالہ دیا جس میں بتایا گیا کہ ہندوستان تیز رفتار ترقی پذیر معیشت کی فہرست سے نکل گیا ہے۔ چوتھے سہ ماہی میں ہندوستان کا جی ڈی پی 6.1 فیصد ہوگیا۔