اعلیٰ عہدیداروں کو کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کے زیر اہتمام آئندہ ماہ 6 تا 10 اکٹوبر شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والی ’ میٹرو پولس ‘ کانفرنس کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ۔ یہاں سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں شہر حیدرآباد کے تمام متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف سکریٹری نے کانفرنس کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں کے تعلق سے فرداً فرداً تمام عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور ہدایت دی کہ زیر تکمیل کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لیے اقدامات کریں ۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹرو پولس کانفرنس کا شہر حیدرآباد میں کامیاب انعقاد عمل میں لانے کے لیے بالخصوص کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور مئیر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر ماجد حسین اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر جمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی کے ہاتھوں اس کانفرنس کے افتتاح کی توقع ہے اور اس کانفرنس میں عالمی سطح سے مختلف ممالک کے زائد از 1500 مندوبین کی شرکت بھی متوقع ہے ۔۔