بضمن صد ی تقاریب عرس شریف بانی جامعہ نظامیہ،پانچ روزہ پروگرام

عالم اسلام کے ممتاز علماء اعلام و مشائخ کی شرکت متوقع
حیدرآباد ۔ 16 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : علوم اسلامیہ کی عظیم اسلامی یونیورسٹی جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے بانی حضرت شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا الحافظ محمد انوار اللہ فاروقی قدس سرہ العزیز عالم اسلام کی ایک عبقری شخصیت ، متبحر عالم دین اور فاضل اجل تھے ، ریاست حیدرآباد کے آخری دو حکمرانوں آصف جاہ سادس و آصف جاہ سابع کے استاذ تھے ، آصف جاہ سابع کے دور حکمرانی میں آپ صدر الصدور اور معین المہام امور مذہبی کے عہدہ پر فائز تھے آپ نے عہد آصفجاہی میں قوم و ملت کی عظیم الشان خدمات کے سنہرے نقوش چھوڑے ہیں ، آپ نے بیک وقت علوم اسلامیہ کی خدمات بھی انجام دیں اور سماجی اصلاحات کی طرف توجہ فرمائی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مختصر عرصہ میں عرصہ دراز کی جہالت اور باطل رسومات کا خاتمہ ہوا ، آپ ملک کے مشائخ عظام میں سے ایک فاضل اور مدبر تھے ، حضرت کے وصال کو ایک سو سال ہورہے ہیں ۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ صدی تقاریب کے ضمن میں جمادی الاولیٰ 1436 ھ تک علمی دینی مذاکرے ( سمینارس ) جلسہ عام اور خصوصی تعلیمی پروگرامس ، ادبی محفلیں ریاست اور بیرون ریاست ملک بھر میں منعقد کئے جائیں اس سلسلے میں ایک مرکزی مجلس عاملہ تشکیل دی گئی جس کو تقاریب کے کامیاب انعقاد کی ذمہ داری دی گئی ۔ مجلس عاملہ کا اجلاس مفکر اسلام مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مولانا خواجہ شریف صاحب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ ، مولانا پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالمجید نظامی ( عثمانیہ یونیورسٹی ) ، پروفیسر سید بدیع الدین صابری ( عثمانیہ یونیورسٹی ) ، مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ صاحب شیخ الادب جامعہ نظامیہ ، جناب میر کمال الدین علی خاں سکریٹری آل انڈیا صوفی کانفرنس ، مولانا سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ ، مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری ملتانی منتظم جامعہ نظامیہ ، مولانا محمد فصیح الدین نظامی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ ، مولانا قاضی سید لطیف علی قادری نائب مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ ، مولانا سید نعمت اللہ قادری مودب جامعہ ، مولانا محمد عبدالقدیر صدر انجمن طلبائے قدیم جامعہ نظامیہ ، مولانا محمد محی الدین خازن انجمن طلبائے قدیم جامعہ نظامیہ شریک رہے ، مجلس عاملہ میں مولوی سید احمد علی معتمد جامعہ کو کنوینر صدی تقاریب منتخب کیا گیا ۔ طئے پایا کہ جامعہ نظامیہ میں پانچ روزہ عظیم الشان تقاریب منعقد کئے جائیں گے جس کی تفصیل یہ ہے :(1) 14؍ فبروری 2015 علمی مذاکرہ (سمینار ) بزبان عربی ، (2) 15؍ فبروری 2015 (سمینار ) بزبان اردو جس میں ملک و بیرون ملک کے دانشور اسکالر مقالے پیش کریں گے ۔(3) 28 ؍جمادی الاولیٰ مطابق 20 ؍مارچ 2015 جلسہ عام جس میں عالم اسلام کے علماء مشائخ عظام ، سیاست داں ، دانشور ، مفکرین شرکت کریں گے ۔ (4) 29 ؍جمادی الاولیٰ 1436 مطابق 21 ؍مارچ 2015 عرس شریف بانی جامعہ ، جلسہ تقسیم اسناد عطائے خلعت و دستار بندی بعد عصر تا 11 بجے شب منعقد ہوگا ۔ (5)یکم جمادی الثانی 1436 ھ مطابق 22 ؍مارچ 2015 ء بعد عشاء کل ہند نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔اس کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں سمینارس و جلسہ عام ہوں گے ۔24 ؍جنوری 2015 جلسہ عام تاڑپتری آندھرا پردیش ، 25 ؍جنوری جلسہ عام شیواجی نگر بنگلورو ( کرناٹک ) ، 22 فبروری سمینار و جلسہ عام پونہ مہاراشٹرا ، 23 ؍فروری جلسہ عام ممبئی مہاراشٹرا ۔ تقاریب کے کامیاب انصرام کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو اس طرح ہیں : مجلس استقبالیہ ، مجلس انعقاد تقاریب اضلاع و ملحقہ مدارس ، مجلس قیام و طعام برائے مندوبین ، مجلس برائے اجرائی ڈاک ٹکٹ ، مجلس برائے نمائش کتب بانی جامعہ و علمائے جامعہ نظامیہ ، مجلس یادگار خصوصی مجلہ بزبان عربی و اردو ، مجلس نشر و اشاعت ۔ کمیٹیوں کے معزز اراکین کے اسمائے گرامی کا متعاقب اعلان کیا جائے گا ۔ کنوینر صدی تقاریب مولوی سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ نے عامتہ المسلمین ، محبان جامعہ و جمیع طلبائے قدیم جامعہ نظامیہ سے تقاریب میں شرکت کی خواہش کی ہے ۔ اضلاع و بیرون ریاست و ملک سے شرکت کرنے والے طلبائے قدیم سے خواہش ہے کہ وہ قبل از وقت اپنی شرکت کی تاریخ کی اطلاع مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری ملتانی منتظم دفتر صدی تقاریب (09849071327 – 040-24576772) کو دیں تاکہ قیام و طعام کے انتظامات میں سہولت ہو ۔۔