بس کی اونٹ کو ٹکر ، 6 ہلاک

قاہرہ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک مسافر بس کے ایک اونٹ کو ٹکر دینے کے حادثہ میں 6 افراد ہلاک اور دیگر 34 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ٹکر کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بس اُلٹ گئی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اونٹوں سے لدا ایک ٹرک سڑک سے گذر رہا تھا جو دراصل بس کے بالکل آگے تھے۔ اچانک ایک اونٹ ٹرک سے سڑک پر کود پڑا جس کے بعد بس ڈرائیور بوکھلا گیا اور بس پر توازن کھو بیٹھا اور اونٹ کو زوردار ٹکر دے دی۔ بس میں اس وقت 50 مسافرین سوار تھے۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں سے کچھ لوگوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

 

کار کو مسجد سے قصداً ٹکرانے والا گرفتار
جزان۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک شخص کو مسجد کی دیوار سے اپنی کار قصداً ٹکرا دینے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا جو چاہتا تھا کہ مسجد میں لوگ نماز ادا نہ کرسکیں۔ جزان پولیس کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل محمد الحربی نے بتایا کہ 23 سالہ شخص دماغی طور پر غیرمتوازن تھا اور قبل ازیں بھی اس کی کئی بار گرفتاری عمل میں آچکی ہے۔ ملزم کے والدین نے بھی توثیق کی ہے کہ اس کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ پولیس کو اطلاع بھی اس کے والدین نے ہی دی۔ ملزم کا دعویٰ ہے کہ مسجد میں نماز کی ادائیگی کرنے والے صحیح طور پر ادائیگی نہیں کررہے ہیں۔ اس نے یہ بھی کہا کہ پنجوقتہ نماز کی بجائے صرف چار وقت کی نماز پڑھی جائے۔ رپورٹس کے مطابق ملزم نے قبل ازیں یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ اس کا تعلق داعش سے ہے تاہم اس کی توثیق نہیں ہوسکی۔