بس میں آتشزدگی سے 17 ہلاک

بیجنگ ۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صوبے نینگ ڑا میں ایک بسں میں آگ لگنے سے کم سے کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دیگر 32 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ چین کے سرکاری نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ مسافر بس میں آگ مقامی وقت کے مطابق 7 بجے لگی اور بعض میں موجود مسافر بس کے اندر ہی پھنس گئے۔ حکام نے بس میں آتشزدگی کے شبہ میں ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد اْس کی تلاشی لی ہے۔ حکام نے ما یونگ پنگ نامی شخص کو اس واقعے کا ’مرکزی مشتبہ ملزم‘ قرار دیتے ہوئے اْن کی تصویر اور ذاتی شناختی نمبر جاری کیا ہے۔ حکام کے مطابق بس میں سوار 32 افراد زخمی ہیں، جن میں سے آٹھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی افراد کو معمولی زخم آئے تھے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ہاسپٹل لایا گیا ہے۔ چین میں حالیہ برسوں کے دوران حادثات کے ساتھ ساتھ جان بوجھ کر آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ بس میں آگ لگانے والے شخص نے فائرنگ کر کے خود کو بھی ہلاک کر لیا تھا۔