بس حادثہ کی وجہ سے کانگریس اقلیتی کنونشن ملتوی

حیدرآباد 11 ستمبر ( سیاست نیوز ) جگتیال میں پیش آئے ہلاکت خیز بس حادثہ کی وجہ سے کانگریس کا کل 12 ستمبر کو سنگاریڈی میں منعقد ہونے والا اقلیتی کنونشن ملتوی کردیا گیا ہے ۔ کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ بس حادثہ کے بعد راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے اپنے دورہ حیدرآباد کو ملتوی کردیا ہے ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ایسے وقت میںجبکہ ریاست میں ایک بڑا سانحہ ہوا ہے اور اتنی کثیر تعداد میں لوگ جان گنوا بیٹھے ہیں ایسے میں سیاسی سرگرمیوں کو روک دینا بہتر ہے ۔ انہوں نے اس حادثہ کے پیش نظر اپنے دورہ تلنگانہ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اقلیتی کنونشن کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے ۔ اقلیتی کنونشن کا آئندہ دنوںمیں انعقاد عمل میں آئیگا ۔ غلام نبی آزاد کل گاندھی بھون میںپریس کانفرنس سے خطاب بھی کرنے والے تھے ۔ ان کے تمام پروگرامس ملتوی کردئے گئے ۔

بس حادثہ کے مہلوکین کو آر ٹی سی سے بھی تین لاکھ روپئے ایکس گریشیا
حیدرآباد 11 ستمبر ( سیاست نیوز ) جگتیال میں پیش آئے ہلاکت خیز بس حادثہ کے مہلوکین کیلئے آر ٹی سی کی جانب سے 3 لاکھ روپئے علیحدہ ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا ہے ۔ کارگذار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حکومت کی جانب سے پہلے ہی مہلوکین کے ورثاء کیلئے پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ تاہم ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ اور وزیر ٹرانسپورٹ ایم مہیندر ریڈی نے آر ٹی سی کی جانب سے مہلوکین کے ورثا کیلئے علیحدہ تین لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی ادائیگی کا اعلان کیا ۔