بس اور ٹرک کی ٹکر میں ڈاکٹر سمیت 3 افراد ہلاک

اورنگ آباد۔ 23جنوری (سیاست ڈاٹ کام)بہار میں اورنگ آباد ضلع کے جمھور تھانہ حلقہ کے چترگوپي گاؤں کے قریب نیشنل ہائی وے نمبر98 پر آج سٹی رائیڈ بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں ڈاکٹر سمیت تین لوگوں کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے ۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ اورنگ آباد شہر سے کچھ لوگ سٹی رائیڈبس پر سوار ہو کر ٹرین پکڑنے کے لئے انوگرہ نارائن روڈ اسٹیشن جا رہے تھے تبھی چترگوپي گاؤں کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک سے ان کی سیدھی ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں ڈاکٹر عبداللہ انصاری،محمدسکندر اور پرمود سنگھ کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے ۔ذرائع نے بتایا کہ تمام مہلوکین اورنگ آباد ضلع کے رہنے والے تھے ۔ پولیس نے تباہ گاڑیوں کو ضبط کر لیا ہے ۔زخمیوں کو اورنگ آباد صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔نعشوں کو پوسٹرماٹم کے لئے بھیج دیا گیاہے ۔