بریگزیٹ کے باوجود برطانیہ آج بھی سرمایہ کاری کیلئے ہندوستانیوں کی پہلی پسند

لندن ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی کم و بیش 800 ہندوستانی کمپنیاں ملک کو 46.4 بلین پاؤنڈس کا منافع دیتی ہیں۔ ان کمپنیوں میں 105,000 ملازمین ہیں جبکہ کارپوریشن ٹیکس کی صورت میں 360 ملین پاؤنڈس بھی گذشتہ سال ادا کئے۔ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ برطانیہ کے بریگزیٹ سے اخراج کے بعد بھی ہندوستانی کمپنیاں آج بھی برطانیہ کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ پروفیشنل سرویس فراہم کرنے والے ادارے گرانٹ تھارنٹن نے کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (CII) کی شراکت سے ’’انڈیا میٹس برٹین ٹریکر 2018‘‘ کی سالانہ رپورٹ کی اجرائی کی جس میں 87 ایسی ہندوستانی کمپنیوں کا تذکرہ ہے جو تیز رفتاری سے ترقی کے مراحل طئے کررہی ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہیکہ برطانیہ کے بریگزیٹ سے اخراج کے باوجود سرمایہ کاری کیلئے برطانیہ آج بھی ہندوستانیوں کا پسندیدہ ملک ہے۔ گرانٹ تھارنٹن یوکے کے جنوبی ایشیاء گروپ کے سربراہ انوج پانڈے نے یہ بات بتائی۔