بیجنگ۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آنے والی بریکس سمٹ کے لیے مصر، کینیا، تاجکستان، میکسیکو اور تھائی لینڈ کو مہمان ممالک کے طور پر مدعو کیا ہے لیکن وضاحت کردی کہ یہ دعوت نامہ اس گروپ کو وسعت دینے کی کوئی کوشش نہیں ہے۔ چین بریکس چوٹی اجلاس کی میزبانی 3 تا 5 ستمبر اپنے شہر ژیامن میں کررہا ہے جہاں ان پانچ ممالک کے قائدین کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نریندر مودی بھی حصہ لیں گے۔ بریکس (برازیل، روس، انڈیا، چائنا اور جنوبی افریقہ) سمٹ کے تعلق سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ایی نے کہا کہ ہمیں ’بریکس پلس ‘ کے بارے میں کچھ وضاحت کرنا ہوگا تاکہ لوگوں کو اس آئیڈیا کی منطق بہتر طور پر سمجھ آئے۔ وانگ رواں سال مارچ سے بریکس پلس کا خیال پیش کرتے آئے ہیں جس سے یہ قیاس آرائی پیدا ہوئی کہ بیجنگ ابھرتی معیشتوں کے اس بلاک کو وسعت دینے پر غور کررہا ہے۔ وانگ نے کہا کہ رکن ممالک گروپ کے سالانہ اجلاسوں کے دوران مختلف ملکوں کو مدعو کرتے رہے ہیں اور ہندوستان کے فیصلے کا حوالہ دیا جبکہ بمسٹیک کے قائدین کو گزشتہ سال کی گوا سمٹ میں مدعو کیا تھا ۔ اس گروپ کے اراکین بنگلہ دیش، ہندوستان، میانمار، سری لنکا، تھائی لینڈ، بھوٹان اور نیپال ہیں چنانچہ ژیامن سمٹ میں بھی اسی نہج پر بعض ممالک کو بطور مہمان مدعو کیا گیا ہے۔