نئی دہلی ؍ پوکھرن ، 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج برہموس سوپرسونک کروز میزائل کا راجستھان کے پوکھرن ٹسٹ رینج میں کامیاب تجربہ کیا۔ وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے کہا کہ اس میزائل نے ٹارگٹ کو بھرپور درستی کے ساتھ نشانہ بنایا اور یہ کامیابی ہندوستان کی قومی سلامتی کو مزید تقویت پہنچائے گی۔ یہ تجربہ تین ماہ بعد ہوا ہے جبکہ برہموس کروز میزائل کی پہلی مرتبہ تجرباتی طور پر آزمائش ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کے ممتاز سخوئی ۔ 30 ایم کے آئی لڑاکا جٹ طیارہ سے کی گئی تھی۔ نرملا نے ٹوئٹ کیا: ’’طاقتور سوپرسونک کروز میزائل برہموس کو آج صبح 8:42 بجے پوکھرن ٹسٹ رینج، راجستھان میں کامیابی سے داغا گیا۔ ٹارگٹ کا پتہ چلانے والے ہندوستانی ساختہ آلہ کے ساتھ ٹھیک ٹھیک نشانہ قائم کیا گیا اور میزائل اپنے مقررہ مدار میں آگے بڑھا اور زبردست درستی کے ساتھ ٹارگٹ پر ضرب لگائی۔‘‘ یہ میزائل جو ہند۔روس جوائنٹ وینچر ہے، اس کا رینج 400 کیلومیٹر تک بڑھایا جاسکتا ہے کیونکہ انڈیا گزشتہ سال میزائل ٹکنالوجی کنٹرول رِجیم (MTCR) کا مکمل رکن بن جانے کے بعد بعض تکنیکی تحدیدات برخاست کردی گئی ہیں۔برہموس انڈیا کے ڈی آر ڈی او اور روس کے این پی او ایم کے درمیان جوائنٹ وینچر ہے۔ وزیر دفاع نے آج کامیابی تجرباتی پرواز پر ڈی آر ڈی او کو مبارکباد پیش کی۔ برہموس میزائل ہندوستان کے Su-30 لڑاکا طیارے پر لگایا جانے والا بھاری ہتھیار ہے۔