برلن میں گرفتار الجزیرہ کے صحیفہ نگار کی رہائی

برلن ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) برلن میں زیرحراست الجزیرہ ٹیلیویژن چینل کے ایک صحیفہ نگار کو آج رہا کردیا گیا جس کو مصر کی طرف سے جاری کردہ گرفتاری کے وارنٹ کے تحت تحویل میں لیا گیا تھا۔ دفتر استغاثہ کے ایک عہدیدار اسٹیفن اسٹوہر نے کہا کہ احمد منصور اب آزاد ہوچکا ہے۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا۔ 52 سالہ اس صحیفہ نگار کو برلن کے تیجل ایرپورٹ پر ہفتہ کو گرفتار کیا گیا تھا جب وہ قطر ایرویز کے طیارہ میں سوار ہورہا تھا۔ مصر اور برطانیہ کی دہری شہریت رکھنے والے احمد منصور مصر میں اس کے غیاب میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ اتوار کو برلن میں درجنوں افراد نے احمد منصور کی تائید میں مظاہر ہ کیا تھا اور اس کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔