برلا اور دیگر کے خلاف کیس سی بی آئی نے وضاحت کیلئے مزید وقت مانگا

نئی دہلی ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کوئلہ بلاک تخصیص معاملہ جس میں ممتاز صنعتکار کمار منگلم برلا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور اس کیلئے سی بی آئی نے دہلی کی ایک عدالت سے پوچھے گئے سوالات کی وضاحت کیلئے مہلت طلب کی ہے جو دراصل سی بی آئی کی جانب سے کوئلہ تخصیص کی رپورٹ بند کردینے پر کئے گئے ہیں۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر (ایس پی پی) آر ایس چیما نے اسپیشل سی بی آئی جج بھرت پراشر کو بتایا کہ متعلقہ ڈی آئی جی اور ایس پی دستیاب نہیں ہیں لہذا اس معاملہ کی مزید وضاحت کیلئے انہیں مہلت درکار ہے جس کے بعد عدالت نے چیما کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے سماعت کی آئندہ تاریخ 13 اکتوبر مقرر کی۔ یاد رہے کہ کمار منگلم برلا ، سابق کوئلہ سکریٹری پی سی پرکھ اور دیگر کے خلاف داخل کی گئی ایک ایف آئی آر جو سی بی آئی کی بند رپورٹ پر داخل کی گئی تھی ، عدالت میں سماعت جاری تھی ۔ 12 ستمبر کو عدالت نے سی بی آئی سے استفسار کیا تھا کہ آخر اسے ایک ایسے کیس کی رپورٹ بند کردینے کی ایسی کیا عجلت تھی جس میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے؟