برقی کنٹراکٹ ملازمین کی ہڑتال جاری ، محکمہ برقی کے عہدیدار خاموش تماشائی

برقی مسدودی سے شہریوں کو تکالیف کا سامنا ، کنٹراکٹ ملازمین حکومت کے رویہ پر برہم
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) محکمہ برقی میں کنٹراکٹ ملازمین کی ہڑتال کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ کنٹراکٹ ملازمین اپنے مطالبات کی تکمیل تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کرچکے ہیں جس کے سبب شہریان حیدرآباد کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے مسئلہ کے حل کیلئے کوئی راہ نکالنے کی کوشش نہیں کی جارہی ہے۔ جس کی بنیادی وجہ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے اختیار کردہ موقف ہے۔ کنٹراکٹ ملازمین جوکہ راست تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ دیگر مطالبات کے ساتھ گزشتہ دو ہفتوں سے ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں، انہیں تاحال سرکاری طور پر کوئی تیقن نہیں دیا گیا ہے۔ شہر میں برقی کنٹراکٹ ملازمین کی ہڑتال کے سبب کئی اہم سڑکوں پر اسٹریٹ لائیٹس بند نظر آرہی ہیں۔ علاوہ ازیں کئی اہم سڑکیں رات کے اوقات میں تاریکی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ اسی طرح رہائشی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی صورت میں کئی کئی گھنٹوں برقی سربراہی بحال نہیں ہوپارہی ہے، لیکن حکومت کی جانب سے شہریوں کو درپیش ان مسائل پر توجہ دینے سے گریز کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہڑتال طول اختیار کرتی جارہی ہے۔ برقی کنٹراکٹ ایمپلائز یونین کے ذمہ داروں کے بموجب ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ موقف ملازمین کے خلاف ہے، اسی لئے متعدد مرتبہ عہدیداروں سے ہونے والی بات چیت ناکام ہوتی جارہی ہے۔ ملازمین کی تنظیموں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل پر یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی صورت میں کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایا جائے گا، لیکن ایسا کرنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں، اس کے باوجود ملازمین کی تنظیمیں صرف راست تنخواہوںکی اجرائی اور دیگر مطالبات کے ساتھ احتجاج کررہی ہیں۔ ملازمین کے اس احتجاج کا اثر پرانے شہر کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں بالخصوص نواحی علاقوں پر بھی دیکھا جارہا ہے چونکہ شہر کے مرکزی علاقوں میں کنٹراکٹ ملازمین کی عدم موجودگی کے سبب ہنگامی خدمات کے طور پر مستقل ملازمین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں، لیکن نواحی علاقوں کے علاوہ پرانے شہر کے بعض علاقوں میں ہڑتال میں شدت کے باعث نہ صرف کنٹراکٹ ملازمین خدمات کیلئے موجود نہیں ہیں بلکہ ان علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مستقل ملازمین کا بھی خصوصی تقرر عمل میں نہیں لایا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔