برقی کا مسئلہ ، آندھرا پردیش کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے پر غور

پڑوسی ریاست کے غیر منصفانہ رویہ سے حکومت تلنگانہ برہم
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز)وزیرآبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ برقی کے شعبہ میں آندھراپردیش کی جانب سے کی جارہی نا انصافی کے خلاف تلنگانہ حکومت عدالت سے رجوع ہونے پر غور کررہی ہے ۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران ہریش راو نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ کو برقی شعبہ میں جو حصہ داری دی گئی اس کی آندھرا پردیش حکومت مخالفت کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کی رو سے آندھرا پردیش حکومت تلنگانہ کے ساتھ انصاف کی پابند ہے۔ انہو ںنے افسوس کا اظہار کیا کہ آندھراپردیش حکومت تنظیم جدید قانون کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔ ہریش راو نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر مرکز کو کل جماعتی وفد کے ساتھ نمائندگی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت سے رجوع ہونے کے مسئلہ پر ماہرین قانون سے مشاورت جاری ہے ۔ ہریش راو نے کہا کہ تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ کو جو حقوق دیئے گئے انہیں حاصل کرنے کیلئے تلنگانہ کو درخواست کرنے کی ضرورت نہیں۔ آندھرا پردیش حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تلنگانہ کے حقوق ادا کرے ۔ انہوں نے تلگودیشم پارٹی پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تلگودیشم تلنگانہ قائدین کو چاہئے کہ وہ ان نا انصافیوں کے خلاف چندرا بابو نائیڈو سے احتجاج کریں۔ تلگودیشم قائدین ایک طرف چندرا بابو نائیڈو کو اپنا قائد قرار دیتے ہوئے تلنگانہ میں دورہ کرا رہے ہیں لیکن تلنگانہ کے حقوق کے لئے زبان کھولنے تیار نہیں۔ تلگودیشم کے رکن اے نرسا ریڈی نے یقین دلایا کہ اُن کی پارٹی تلنگانہ کے حقوق کی جدوجہد میں مکمل تعاون کرے گی۔