برقی شعبہ کے 23 ہزار کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کی راہ ہموار

باقاعدہ بنانے کے خلاف درخواست ہائیکورٹ میں خارج ۔ چیف منسٹر نے فیصلہ کا خیر مقدم کیا
حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) برقی شعبہ میں بحیثیت کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ خدمات انجام دینے والے 23 ہزار سے زائد ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے قانونی رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔ ہائیکورٹ نے اس عمل کے خلاف دائر درخواست کو خارج کردیا۔ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر نے ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ ایمپلائیز کو پے اسکیل اور پی آر سی کا بھی اعلان کیا جس سے برقی شعبہ کے جینکو، ٹرانسکو، ایس پی ڈی سی ایل، این پی ڈی سی ایل میں برسر کار 23 ہزار سے زائد ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ برقی شعبہ میں برسوں سے کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ پر مامور ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سی آر نے احکامات جاری کئے تھے۔ کارگذار چیف منسٹر کی ہدایت وصول ہونے کے بعد گزشتہ سال 4 اداروں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے احکامات جاری کئے گئے تھے جس کی مخالفت میں چند افراد نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ وکلاء نے ہائیکورٹ کو حقائق سے واقف کروایا اور ملازمین کی باقاعدہ بنانے کی ضروریات پر تفصیلی بحث کی تھی۔ ان کی مشکلات، دشواریوں اور محنت سے واقف کرایا تھا اور اس کو انسانی ہمدردی کی نظر سے دیکھنے کی اپیل کی تھی۔ مؤثر برقی سربراہی کیلئے کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ پر برسر خدمت ملازمین کی جاب سکیوریٹی پر توجہ دلائی تھی جس کا جائزہ لے کر ہائیکورٹ نے پٹیشن کو خارج کردیا۔ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر نے ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ زندگیوں کو جوکھم میں ڈال کر برقی سربراہی کو یقینی بنانے دن رات مصروف ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا حکومت نے فیصلہ کیا تھا جس کی ہائیکورٹ نے بھی حمایت کی ہے۔ 23 ہزار کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ پر خدمات انجام دینے والے برقی ملازمین کو کے سی آر نے مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے کہاکہ وہ برقی شعبوں میں برسر کار کنٹراکٹ ایمپلائیز کے گھروں میں خوشیاں لانا چاہتے تھے جس میں وہ کامیاب ہوئے ہیں۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کے سی آر نے جینکو ٹرانسکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ سے بات چیت کی۔ ہائیکورٹ میں کامیاب نمائندگی پر مبارکباد پیش کی۔ کنٹراکٹ ایمپلائیز کی خدمات کو فوری باقاعدہ بنانے ان کا پے اسکیل مقرر کرکے پی آر سی پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ باقاعدہ ہونے والے ملازمین کو کے سی آر نے دوبارہ مبارکباد پیش کی۔